بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ان کا استقبال کیا۔آرمی چیف نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی، انہیں عالمی قوانین کے برخلاف یو این گاڑی کو نشانہ بنانے پر بھی آگاہ کیا گیا۔پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل او سی پر آبادی

کے تحفظ کے لیے اقدامات بروئے کار لائے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی جغرافیائی سرحدوں اور وقار کا تحفظ یقینی بنائے گی، بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 50 سالہ خاتون شہید ہوگئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی اور جنڈروٹ سیکٹرز میں بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے سویلین آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے مارٹرز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 50 سالہ خاتون شہید ہوگئیں جب کہ چار سالہ بچی نایاب سمیت تین شہری زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ضروری طبی امداد کے لیے قریبی مرکز صحت منتقل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں