متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ، بھارت کا حیرت انگیز ردعمل سامنے آگیا

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھیں گے، متحدہ عرب امارات، اسرائیل معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے جلد براہ راست مذاکرات کے آغاز کے نتیجے میں قابل قبول دو ریاستی حل ڈھونڈنے کی کوشش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے دفتر خارجہ سے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے امن معاہدے پر ردعمل دیا گیا ہے۔جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اسی تناظر میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان

طے پائے معاہدے کی حمایت کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مکمل بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اسرائیل اور متحدہ عرب امارات دونوں ممالک بھارت کے اہم شراکت دار ہیں۔مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے فلسطین کاز کی روایتی حمایت بھی جاری رکھی جائے گی۔ امید ہے جلد براہ راست مذاکرات کے آغاز کے نتیجے میں قابل قبول دو ریاستی حل ڈھونڈنے کی کوشش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اب تک 2 اسلامی مملک عمان اور مصر بھی اسرائیل متحدہ عرب امارات معاہدے کی حمایت کر چکے ہیں۔ جبکہ پاکستان بھی ردعمل دے کر واضح کر چکا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقوام متحدہ اور او آئی سی قرارداتوں کے مطابق دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات پہلا خلیجی اسلامی ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم کر کے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکا کی معاونت سے طے پائے معاہدے کے تحت اسرائیل اور متحدہ عرب امارارت کے درمیان وفود کی سطح پر جلد مذاکرات کا آغاز ہو گا۔ ان مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں کیلئے معاہدے کیے جائیں گے۔ امارات اور اسرائیل کے درمیان براہ راست پروازوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ جبکہ اس معاہدے کے تحت اب اسرائیل ویسٹ بینک اور وادی اردن کے علاقوں پر قبضے کا منصوبہ فی الحال ترک کر دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں