اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پی ڈی ایم نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار نے پریس کانفرنس میں فیصلوں سے آگاہ کیا۔میاں افتخار نے کہا کہ جنوری کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ہوگا، مینار پاکستان کو تالاب بنا دیا گیا ہے ، گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ڈی جے بٹ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔میاں افتخار نے کہا کہ لاہور کا جلسہ روکنے کے لیے تمام کارروائیاں کی جا رہی ہیں، حکمران اتنا ڈر گئے ہیں، جلسہ لازمی ہوگا، یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، ہم نے نہ پہلے مانا نہ آئندہ مانیں گے، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو
زرداری نے کہا کہ ہم سب عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجنے نکلے ہیں اور پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم میں شامل 11 جماعتیں سب ایک پیج پر ہیں۔استعفوں سے متعلق انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ہم سارے جمہوری پارلیمانی آپشن استعمال کریں گے جس میں استعفے بھی شامل ہیں اور ہم اس حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر ہتھیار استعمال کریں گے۔بلاول کا کہنا تھا کہ ہم آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے اعلان سے اب تک آگے ہی بڑھتے جارہے ہیں، پیپلز پارٹی اس موضوع پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ( سی ای سی) کا اجلاس بلارہی ہے، جس میں ارکان کی رائے لیں گے جبکہ اعتزاز احسن پیپلز پارٹی کے سینیئر لیڈر ہیں، پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا وہ اعتزاز کا بھی اتنا ہی ہوگا جتنا میرا ہے۔









