اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے اپوزیشن کو چیلنج کر دیا ۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن استعفے دے، بسم اللہ ، مجھے ان کے استعفوں سے کیا ڈر ہے ؟ انہوں نے کہا کہ میں ان کو چیلنج کر رہا ہوں کہ یہ استعفے دیں تو انتخابات نئے ہو جائیں گے۔یہ لوگ دھمکیاں کس کو دے رہے ہیں؟ اعجاز چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ جو اتنے بہادر بن رہے ہیں ، اگر یہ اتنے ہی بہادر ہوتے تو کیا ملک سے باہر بھاگ جاتے؟ آپ میری بات جہاں مرضی ریکارڈ کر لیں۔ میں حکومت کی نمائندگی کرنے آیا ہوں۔
میں کیا کوئی سونے کا چمچ لے کر پیدا ہوا ہوں۔ میں جعلسازی یا چوری کر کے پیدا نہیں ہوا۔ میں ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں، کسی بھی پارٹی کے چور ڈاکو ہوں، ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔اعجاز چوہدری نے کہا کہ یہ سب لوگ استعفیٰ دیں اور اپنا شوق پورا کر لیں ، میں ان کو چیلنج کرتا ہوں کہ یہ استعفے دے دیں۔خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ آج 8 دسمبر کو پی ڈی ایم کی جانب سے کسی بڑے فیصلے کا امکان ہے جس کے حوالے سے مریم نواز نے ریلیوں سے کی جانے والی اپنی حالیہ تقاریر میں بارہا کہہ چکی ہیں کہ 8 دسمبر کو یا آر ہو گا یا پار ہو گا۔یہی نہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے حوالے سے اپوزیشن میں اتفاق ہو چکا ہے لیکن اس حوالے سے تاحال کسی بھی جماعت کی جانب سے باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے ایک ایم این اے چودھری حامد حمید اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا چکے ہیں جس کے بعد مزید اراکین اسمبلی کے مستعفی ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا، دوسرا جلسہ کراچی، تیسرا کوئٹہ اور چوتھا جلسہ ملتان میں ہوا تھا ۔ تاہم اب پی ڈی ایم نے پانچواں جلسہ 13 دسمبر کو لاہو رمیں کرنے کا اعلان رکھا ہے ۔









