اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب لوٹے گئے 466 ارب روپے برآمد کرچکا، کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب ہیڈ کواٹرز میں اہم اجلاس ہوا، اس موقع پر جاوید اقبال کا کہنا تھا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل اور ورلڈ اکنامک فورم نے نیب کی کارکردگی کو سراہا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل 2000 سے نیب کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انکوائریز، انویسٹی گیشنز کا معیار بہتر کیا، سینئر افسران پر مشتمل مشترکہ انویسٹی گیشن کا نظام متعارف کرایا۔گزشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیر خزانہ
اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کیس سمیت دیگر انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔نیب کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان مہدی شاہ کے خلاف کرپشن کیس کی انکوائری کی منظوری بھی دی گئی ہے جبکہ سابق ڈائریکٹر سی ڈی اے اسد اللہ فیض سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا، سی ڈی اے حکام پر کلینک کا پلاٹ کمرشل مقاصد کے لیے الاٹ کرنے کا الزام ہے۔چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، کرپشن فری پاکستان نیب کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے سابق سفیر اے ایس بابر ہاشمی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی۔









