کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، خواہش ہے کہ بی این پی دوبارہ اتحاد میں شامل ہو۔کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان حکومت کی اتحادی ہے اور ان کی پارٹی کا جام کمال پر مکمل اعتماد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمیت اگر کسی بھی جماعت کا کوئی بھی ممبر کرپشن میں ملوث ہوا تو اس کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔ انھوں نے اسحاق ڈار کے نجی ٹی وی کو انٹرویو دینے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کہ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کو لوٹ کر گئے،
انھیں پاکستان کی ضرورت تب ہی ہوئی جب انھیں کمانا تھا۔ بیرونی میڈیا کے سامنے سچ بولنا پڑتا ہے جو اسحاق دار نے کیا۔پی ڈی ایم کے تحریک سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عوام کی زندگیوں کو داؤ پر نہ لگائیں۔ اس وبا کے جانے کے بعد جلسے جلوس کریں کوئی پابندی نہیں ہو گی۔قاسم سوری کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس کا پھیلاوٴ خطرات صورتحال اختیار کر گیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ کورونا کی ایس او پیز کی پاسداری کریں۔ڈپٹی اسپیکر نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا، کوئٹہ میں موسم سرما میں گیس پریشر میں کمی کا دیرینہ مسئلہ تھا، سریاب روڈ پر 50 سالہ 6 انچ کی پائپ لائن تھی جو علاقے کے لئے ناکافی تھی، اب سریاب روڈ کے دونوں اطراف پر 8 انچ کی نئی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے، گیس پائپ لائن کے منصوبے پر 1 ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ ستمبر 2021 تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد کوئٹہ میں گیس کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔









