عوام 15سے 20 دن گھروں میں رہ کر احتیاط کریں

کوئٹہ( نیوز ڈیسک )ملک بھر میں کورونا کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے سبب 201 افراد جان کی بازی ہار گئے جو کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے مقابلے میں اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ اموات ہیں۔ ملک بھر میں جہاں کورونا کے زیادہ کیسز ہیں وہاں لاک ڈاؤن کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔اسی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

نے کہا کہ ہم بھارت کے حالات دیکھ کر پریشان ہیں اور ہمیں ان چیزوں کو سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا، قومیں اور ملک کھڑے ہو سکتے ہیں لیکن زندگی واپس نہیں آ سکتی۔ اُنہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام 15 سے 20 دن گھروں میں رہ کر احتیاط کریں اور عید سادگی سے منائیں کیونکہ اگر لوگ زندہ ہوں گے تو کاروبار بھی چلیں گے اور خریداری بھی ہوگی۔ انہوں نے طبی سہولیات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں پانچ ہزارلوگوں کو تو علاج دے سکتے ہیں مگر لاکھوں لوگوں کے لیے سہولیات نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مالی نقصانات کا ازالہ تو ممکن ہے لیکن ملک کا سسٹم چلانے والے لوگوں کو زندہ کرنا نا ممکن ہے، آج عالمی وبا کا پھیلاؤ 2.5 فیصد سے بڑھ کر 12 سے 15فیصد ہوگیا ہے، اگر 10 فیصد وبا کا پھیلاؤ 30 یا 40 فیصد تک پہنچ گیا تو تاجر بتائیں کیا وہ اور ان کے رشتے دار اور ان کے دکاندار بچ سکیں گے؟ وہ کہاں جائیں گے؟ لہٰذا عوام مہربانی کرکے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔اُن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر نے تشویش بڑھا دی ہے ، اگر احتیاط نہ کی گئی تو یہ وبا بے قابو ہو جائے گی اور پھر مریضوں کے علاج کے لیے اسپتالوں میں بھی جگہ نہیں رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں