لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ جتھے حکومت کو بزورطاقت بلیک میل نہیں کرسکتے، جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی نہ آئندہ ہوگی، تمام اہم شاہراؤں پر ٹریفک روانی جاری ہے، فورسز پر تشدد میں ملوث مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پورے ملک میں تمام اہم شاہراؤں پر ٹریفک روانی سے جاری ہے۔جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی نہ آئندہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں مختلف حلقوں کو نقطہ نظر کی اجازت ہوتی ہے لیکن آپ حکومت کو بزورطاقت بلیک میل کوئی نہیں کرسکتا۔
پولیس اور اداروں پرتشدد میں ملوث مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی ادارے ہمارا فخر ہیں۔ پوری دنیا میں وردی پہنے افراد ریاست کی عزت اور بقاء کی علامت سمجھے جاتے ہیں ان کی عزت اورناموس کا تحفظ ہر شہری پر ایسے ہی لازم ہے جیسے ریاست سے وفاداری کا اصول جن لوگوں نے یہ اصول پامال کیا وہ قومی مجرم ہیں اور ان سے وہی سلوک ہونا چاہئے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک کے مختلف شہروں میں پر تشدد احتجاج کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں قرار داد پیش کرنے کیلئے تیار تھے، ٹی ایل پی ایسا مسودہ لانا چاہتی تھی جس سے انتہا پسندی کا تاثر ابھرتا، احتجاج کے دوران کوویڈ 19 کے مریضوں کیلئے منگوائی گئی آکسیجن روکی گئی، جی ٹی روڈ، موٹرویز بحال ہیں،تشدد میں دو اہلکار شہید اور 340 زخمی ہوئے ،پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلیئر کرانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ،سوشل میڈیا پر سڑکیں بلاک کرنے اور بے امنی کے پیغامات دینے والوں کا قانون پیچھا کررہا ہے، جماعت کا میڈیا چلانے والے لوگ سرینڈر کر دیں ،اگرآپ سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت کو مسائل سے دوچار کرسکتے ہیں تو آپ اپنے آپ کو مسائل سے دوچار کریں گے، کبھی بھی اس جماعت کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی کبھی خادم حسین سے ملا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس میں وفاقی وزیر
مذہبی امورنور الحق قادری ،سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں آئی جی پنجاب انعام غنی اور کمشنر راولپنڈی کی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے،اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔









