لاہور،مظاہرین کا میٹروبس اسٹیشن میں کھڑے پولیس اہلکاروں پر بہیمانہ تشدد ، ویڈیو سامنے آگئی

لاہور(نیوز ڈیسک)لاہورمیں مذہبی تنظیم کے احتجاجی مظاہرین کی طرف سے میٹروبس اسٹیشن میں کھڑے پولیس اہلکاروں پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین نے میٹروبس اسٹیشن غازی چوک میں کھڑے پولیس اہلکاروں پرتشدد کیا ، مظاہرین میٹرو بس کا جنگلہ پھلانگ کر جان بچانے کی کوشش کرنے والے پولیس اہلکار کو بھی مارتے رہے ، پولیس اہلکاروں نے جنرل اسپتال میں گھس کر اپنی جان بچائی ، جس کے بعد مشتعل افراد جنرل اسپتال کے ایمرجنسی گیٹ پر بھی ڈنڈے مارتے رہے ،

مظاہرین کی جانب سے جنرل اسپتال میں داخل ہونےکی کوشش کی گئی۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دوٹوک انداز میں پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں کے علاوہ وفاقی وزیر مذہبی امورنور الحق قادری نے بھی شرکت کی جب کہ آئی جی پنجاب انعام غنی اور کمشنر راولپنڈی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، جب کہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلئیر کرانے پر مبارکباد دی اور احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ، اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شرکاء کو ہدایت کی کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ، اسلام آباد راولپنڈی میں لیاقت باغ ، ترنول، بارہ کہو، روات کے علاقوں کو ٹریفک کے لیے کھلوا لیا گیا ہے ، اس حوالے سے رینجرز نے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر بہت زبردست کام کیا ، موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے کلیر کروا لی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں