پشاور(نیوز ڈیسک)پشاور اور سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی ریکٹر سکیل پر شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیرزمین گہرائی 169کلو میٹر تھی اور اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال اٹھائیس جنوری کو بھی سوات اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جبکہ زلزلے کی شدت 4.4 اعشاریہ ریکارڈ کی گئی تھی۔اس کے علاوہ رواں سال گیارہ جنوری کو لاہور میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 اور گہرائی 65 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز مقبوضہ کشمیر تھا، اس کے علاوہ رواں سال کراچی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جاچکے ہیں۔ماہ فروری میں بھی اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور زلزلےکا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر تھا۔









