لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ڈسکہ الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرادیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ریاستی مشینری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور ڈسکہ کی فتح بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے، فروری میں یہ دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکے، مسلم لیگ (ن) کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرادیا، یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے
بچاؤ اور یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کردیا اب جس دن ان کی حکومت نہیں رہی یہ کمپین کرنے کے بھی قابل نہیں رہیں گے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کے لیے 5 سال لگا کر سرتوڑ کوشش کی گئی لیکن (ن) لیگ عوامی قوت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی ہے جب کہ حکومتی اراکین ٹی وی پر حکومت کے خلاف بات کررہے ہیں اور دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں۔جہانگیر ترین کے معاملے پر مریم نواز نے کہا کہ جہانگیر ترین اور پی ٹی آئی کے باہمی معاملات پر کچھ نہیں بولنا چاہتی، جہانگیر ترین کا نمک کھا رہے تھے جب کہ ان کے خرچے پر عیش کررہے تھے اس وقت تک وہ شوگر مافیا نہیں تھے اور اب ان کو سب یاد آگیا۔ حکومت کی حمایت کرنے والے جہانگیر ترین سے سبق سیکھیں۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قول ہے کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے بچو۔پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے متعلق میرا واضح موقف سامنے آچکا ہے، پیپلز پارٹی کو نوٹس مسلم لیگ (ن) نے نہیں پی ڈی ایم نے بھیجا، یہ نوٹس متفقہ رائے کے بعد بھیجا گیا،پی ڈی ایم قائم ہے اور اس میں شامل جماعتیں متحد ہیں، پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانے کیے پی ڈیم ایم اکٹھی ہے۔ پی ڈی ایم کا مقصد عوام کو ریلیف دلانا اور ملک کی سمت ٹھیک کرنا ہے۔









