اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے ملک میں پہلا روزہ ایک ساتھ رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں جس کے لیے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کے چاند دیکھنے سے متعلق حکمت عملی تیار کر لی ہے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند دیکھنے کے حوالے سے اور اعلان کرنے سے متعلق حکمت عملی تیار کی ہے جس کے لئے پشاور کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔پرائیویٹ کمیٹی یا مفتی پوپلزئی کے زیر اثر چاند دیکھنے والی کمیٹی سب سے پہلے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو اطلاع دے گی۔
مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے فیصلے کا کوئی بھی اعلان کرنے سے پہلے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو قائل کیا جائے گا۔کوئی بھی یا کہیں سے بھی چاند دیکھنے کے شواہد سے متعلق سب سے پہلے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔مفتی پوپلزئی اپنے روایتی انداز میں چاند دیکھنے کا اہتمام کرنے کے مجاز ہوں گے لیکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو قائل کیے بغیر کوئی بھی چاند کا اعلان اپنے طور پر نہیں کرے گا۔دوسری جانب جمعیت علماء پاکستان (نورانی)خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری یاسر فرید اعوان نے کہا ہے کہ مرکزی روئیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین سرحدات پاکستان میں روزہ اور عید ایک دن کروانے میں سرتوڑ کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ، ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ، مگر مفتی پوپلزئی کے ہوتے ہوئے یہ ناممکنات میں سے ہے ، کیونکہ مفتی پوپلزئی اور ان کے آبائو اجداد پاکستان کے آئین کے مطابق بنائی گئی تمام مکاتب فکر پر مشتمل مرکزی روئیت ہلال کمیٹی کو ہمیشہ سے نظر انداز کر کے اپنی روئیت کا اعلان کرتے رہے ہیں اور مسلمانان پاکستان کو تقسیم کرنے میں اپنی حتی الوسع کوشش کرتے رہے ہیں ،تاہم کچھ مخصوص ذہنیت کے لوگ ان کی پیروی کرتے رہیں ہیں جبکہ ہمارے صوبے کے ذیادہ تر اضلاع مرکزی روئیت ہلال کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق ہی روزہ اور عید کرتے ہیں۔









