نئی دہلی(نیوز ڈیسک)جہیز کے تنازعے پر ندی میں کود کر خود کشی کرنے والی عائشہ کے شوہر کیخلاف فیصلہ سنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں ندی میں کود کر خود کشی کرنے والی عائشہ کے کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عائشہ کے شوہر عارف کی جانب سے عدالت میں ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر اب فیصلہ سنا دیا گیا۔عدالت نے عائشہ کے شوہر عارف کیخلاف سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بظاہر تمام الزامات درست لگ رہے ہیں، جبکہ یہ واقعہ ہندوستانی معاشرے کا بدنما داغ ہے۔
عدالت نے ملزم عارف کو ضمانت پر رہا کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد پولیس اس کیس کے سلسلے میں مزید تفتیش جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھارت میں سسرال والوں کے طعنوں سے تنگ آ کر نوجوان لڑکی نے ندی میں کود کر خودکشی کر لی تھی، لڑکی کی خودکشی سے قبل بنائی گئی اور والد سے کی گئی گفتگو کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ عائشہ اپنے والدین سے گفتگو کر رہی ہیں جس میں والدین اسے انتہائی قدم اٹھانے سے روک رہے ہیں۔ عائشہ کے والد کا کہنا تھا کہ میری بات سنو بیٹا جس پر عائشہ کہتی ہیں کہ مجھے کچھ نہیں سننا پاپا،والد نے کہا کہ بیٹا امی سے بات کرو،والدہ بھی اپنی بیٹی کو خودکشی کرنے سے روکنے کا کہہ رہی ہیں،وہ کہتی ہیں کہ اگر تم ایسا قدم اٹھاؤ گی تو لوگ کہیں گے تم قصور وار سمجھیں گے، اس پر عائشہ کہتی ہے کہ جسے جو چاہئیے بولنا ہے بولنے دیں۔میں بس تھک چکی ہوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہتی ہوں۔والدین عائشہ کو خودکشی سے روکنے کے لیے وعدے قسمیں دیتے رہتے ہیں۔لیکن وہ کہتی ہے کہ وہ زندگی سے تنگ آ چکی ہے،اگر بچ گئی تو وہ اسے لینے آ جائیں ورنہ تدفین کر دیں۔ اس تمام معاملے کے حوالے سے عائشہ کے والد لیاقت علی کا کہنا ہے کہ 2018 میں بیٹی کی شادی عارف خان سے کی تھی، شادی کے دو ماہ بعد عارف کا کسی لڑکی سے کچھ معاملہ تھا، بیٹی کو جب یہ پتا چلا تو اس نے اپنے سسرل والوں کو اس سے آگاہ کیا، سسرال والوں نے بیٹے سے
پوچھ گچھ کرنے کی بجائے عائشہ کو ہی پریشان کرنا شروع کردیا اور مزید جہیز کا مطالبہ کرنے لگے۔عائشہ کے والد لیاقت مکرانی کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی تعلیم یافتہ اور سمجھ دار تھی، وہ نوکری بھی کررہی تھی اسی دوران 25 فروری کو 72 منٹ تک اس نے اپنے شوہر عارف سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ شوہر سے بات کرنے کے بعد بیٹی نے ہمیں فون کیا، ہم نے اسے خودکشی کرنے سے بہت روکا لیکن اس نے ہماری ایک نہ سنی اور ندی میں کود کر خودکشی کرلی۔