تمام ائیرپورٹس پر بغیر ماسک کے داخلے پر پابندی عائد،خلاف ورزی پربھاری جرمانہ ہوگا

کراچی(نیوز ڈیسک) عالمی وباء کورونا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے باعث ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر بغیر ماسک کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیلکات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بغیرماسک کے داخلے کی کوشش پرسی اے اے قوانین کے تحت جرمانہ ہوگا ، اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سخت احکامات پر کراچی ائیرپورٹ پر ماسک کے بغیر داخلے پر پابندی کا بورڈ آویزاں کردیا گیا ہے جب کہ کراچی ائیرپورٹ کے داخلی دروازوں سمیت مختلف مقامات پر اس حوالے سے انتباہی بینرز بھی لگادیے گئے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر بے قابو ہوتی دکھائی دے رہی ہے ، جہاں پہلی بار 5 ہزار 234 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ایک دن میں مزید 83 اموات ہوگئیں ، اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار613 تک پہنچ گئی ، ملک بھرمیں فعال کیسز کی تعداد 56 ہزار347 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار165 ہو چکی ہے جہاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 59 ہزار401 ، صوبہ پنجاب میں 2 لاکھ 25 ہزار953 ، صوبہ سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار917 ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 89 ہزار225، صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار610 جب کہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار984 اور گلگت بلتستان میں 5ہزار45 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں 6 ہزار 485 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، صوبہ سندھ میں 4 ہزار504 ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 ہزار382 ، صوبہ بلوچستان میں 209 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 572 ، گلگت بلتستان میں 103، جب کہ آزاد کشمیر میں 358 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں