لاہور (نیوز ڈیسک)پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئر رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ میاں شہباز شریف کی ضمانت ہونے والی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی ضمانت ہونے والی ہے۔ پیپلز پارٹی پر مک مکا کرنے کے الزام کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب کو اپنے لہجے درست اور الفاظ کا چناؤ بہتر کرنا ہوگا، کل جو احسن اقبال نے گفتگو کی وہ بالکل قابل قبول نہیں ہے۔چوہدری منظور نے کہا پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن ہوئے ہم نے تو مک مکا نہیں کہا،
مریم نواز کی ضمانت ہوگئی ہم نے تو مک مکا کا الزام نہیں لگایا، حمزہ شہباز باہر آ گئے، جب کہ خورشید شاہ ابھی بھی جیل میں ہیں۔چوہدری منظور نے مزید کہا پنجاب میں بلدیاتی ادارے بحال ہوئے ہم نے کچھ نہیں کہا، ہمارا مطالبہ ہے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلے کیے جائیں، باہر بیٹھ کر فیصلے کر کے پی ڈی ایم پر نہ تھوپے جائیں۔پی پی کے جنرل سیکریٹری وسطی پنجاب چوہدری منظور نے کہا طے ہوا تھا کہ پی ڈی ایم کا فیصلہ متفقہ رائے سے ہوگا، ایسا ماحول بن گیا ہے کہ جے یو آئی اور ن لیگ پہلے معاملات طے کر لیتی ہیں، اور پھر آ کر اپنے فیصلے پی ڈی ایم پر تھوپ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے ن لیگ کو پیغام دیا کہ یوسف گیلانی کو کچھ دیر کے لیے اپوزیشن لیڈر بننے دیں، لیکن اس پر سلیکٹڈ کی باتیں کی جا رہی ہیں، کیا پنجاب میں عثمان بزدار کا وزیر اعلیٰ بننا پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مُک مکا نہیں؟ خیال رہے کہ گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سراج الحق صاحب ڈسکہ الیکشن، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخابات میں غیر جانبدار رہنے کا اعلان کرتے رہے اور اب انہوں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ الحاق کر لیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کو نیا سفر بہت بہت مبارک ہو۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کے بعد پیپلز پارٹی سینیٹ میں اپنا قائد حزب اختلاف لانے میں کامیاب ہو گئی ہیں اور اِس کا نوٹی فکیشن بھی گزشتہ روز جاری کر دیا گیا تھا۔ تاہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا کہ چیئرمین سینیٹ پیپلزپارٹی کا ہو گا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جے یو آئی ایف کا اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ن لیگ کا ہو گا، تاہم پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے ساتھ ہاتھ کر دیا اور اپنا اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو بنوانے میں کامیاب ہو گئے۔









