اپنی روح کا سودا کسی شے سے نہ کرو ،وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کیلئے پیغام جاری کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے قرنطینہ سے نوجوانوں کیلئے پیغام جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے عظیم شاعر اور فلسفی مولانا رومی کا ایک قول شیئر کیا۔ وزیر اعظم نے لکھا کہ مولانا رومی کہتے ہیں اپنی روح کا سودا کسی شے سے نہ کرو ، روح واحد چیز ہے جو انسان کو دنیا میں لاتی اور واپس لے جاتی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے پیغام دیا کہ ایک حقیقی آزاد اور دولت مند شخص وہ ہے جس کی روح کی کوئی مادی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔

اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے قرنطینہ کی ایک تصویر بھی جاری کی ، کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد وزیراعظم نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر پہلا پیغام جاری کیا ، جس میں وزیراعظم عمران خان نے نیک خواہشات پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر قرنطینہ کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی اور اس کے ساتھ لکھے گئے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے نیک خواہشات اور دعاوَں پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے کہ کورونا کی تیسری لہر نے ملک کے سربراہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وزیراعظم عمران خان کورونا کا شکار ہو گئے ، وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آ گیا ہے جس ے بعد وزیراعظم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ، وزیراعظم نے دو روز پہلے ہی کورونا ویکسین لگوائی تھی ، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عمران خان کو کورونا ہونے کی تصدیق کی۔عالمی وباء کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان سرکاری امور گھر سے سرانجام دیں گے ، وزیر اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود وہ چھٹی پر نہیں جائیں گے بلکہ قرنطینہ میں رہنے کے عرصے کے دوران وہ تمام سرکاری امور گھر سے سرانجام دیں گے جب کہ ویڈیو لنک کے ذریعے تمام اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں