اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ڈی ایم ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انتہائی غیر سنجیدہ ردعمل دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے میڈیا پریس کانفرنس میں کہا کہ ویکسین لگا کر کورونا؟یاتو ویکسین فراڈ ہے یا کورونا فراڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادھر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں 22مارچ کو طلب کیا ہے اور اُدھر ویکسین لگا کر انہیں کورونا ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ وزیراعظم کو ویکسین لگوانے کے بعد کورونا کیسے ہو گیا۔ میڈیا نمائندے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سوال کر دیا کہ وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے حوالے سے اعلان کرنے والے ڈاکٹر کا نام کیا ہے،
جب انہیں بتایا گیا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس حوالے سے اعلان کیا ہے اور بتایا ہے کہ وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، تو انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان ایک سرکاری ڈاکٹر ہیں، اگر کوئی دوسرا ڈاکٹر اِس بات کی تصدیق کرتا ہے، تو بات سمجھ میں آتی ہے۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔خاتون اول بشریٰ بی بی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔









