کراچی(نیوز ڈیسک)کورونا وائرس کے کیسزمیں اضافے کے پیش نظر سندھ میں 15اپریل تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا، محکمہ داخلہ نے اعلامیہ جاری کردیا ۔صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کےپیش نظر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعد سندھ میں بھی 15اپریل تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ،محکمہ داخلہ سندھ نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کااعلامیہ جاری کردیا ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کےمطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن میں شادی ہالزمیں بوفےپر پابندی ہوگی ، تمام پارکس شام 6بجے اور کاروباری مراکز رات 10بجےبند ہوں گے ،ہوٹل، شادی ہالزمیں انڈور ڈائینگ پرپابندی ہوگی،
باہرکھانےاورکھاناگھرلےجانےکی سہولت دستیاب رہے گی جبکہ شادی کی دعوت میں 300مہمان بلائے جاسکیں گے۔اعلامیے کے مطابق سندھ میں دفاتر میں 50فیصد اسٹاف کو بلایا جائے گا اور گھرسےکام کو ترجیح دی جائے گی،تمام پابندیاں 15 اپریل تک برقرار رہیں گی۔سندھ بھرمیں حفاظتی اقدامات کی مسلسل خلاف ورزی کےباعث کورونا وائرس کےوارجاری ہیں ، صوبے بھرمیں اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اب تک ساڑھے 4ہزارسے زائد افراد زندگی کی بازی ہارگئے ہیں۔خیال رہے کہ پنجاب کے چھ اضلاع میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے اور اسلام آباد میں دو ماہ کیلئے دفعہ144 نافذ کر دی گئی ہے۔صوبائی حکومت نے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے سبب لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا میں دو ہفتوں کے لیے اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا ہے۔خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 7 اضلاع میں کل 16 مارچ سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔ جن میں پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، سوات، صوابی اور مالاکنڈ شامل ہیں۔ ان علاقوں میں بازار رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں میڈیکل اسٹور، بیکری، کریانہ اور دیگر ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے اندر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی۔صوبائی انتظامیہ کے مطابق کھلے مقامات پر 300 افراد تقریبات میں شرکت کر سکیں گے اور اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں ہر قسم کے ثقافتی میلوں اور کھیلوں کے انعقاد پر پابندی رہے گی۔









