اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ عورت مارچ کے موقعے پر متنازع بینرز اور گستاخانہ نعروں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان عاشقان رسولﷺ کا ملک ہے یہاں پر شانِ رسالتؐ میں گستاخی کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جاری شدہ مواد کی حقیقت تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملوث کرداروں کو بےنقاب کرکے مقدمات دائر کریں گے۔انھوں نے کہا کہ معاشرے میں انتشار پھیلانےوالےعناصر سے سختی سے نمٹا جائے گااورملوث کرداروں کوبےنقاب کرکے مقدمات دائر کریں گے۔
اس کےعلاوہ عورت مارچ کے بینرز کوفوٹوشاپ کرکےنشرکرنےوالےعناصر کو بھی قرار واقعی سزا ملے گی۔واضح رہے کہ 8 مارچ کوعورت مارچ کے سلسلے میں ملک بھر کے مختلف شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ایسی ہی ایک تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی جس میں لگائے جانےوالےنعروں پر سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔ بعدازاں عورت مارچ کی انتظامیہ نے اصلی ویڈیو شیئر کی جس میں خواتین ظلم کرنے والی قوتوں سے آزادی مانگ رہی ہیں۔ بختاور بھٹو زرداری نےبھی ٹویٹ کرکےعورت مارچ کے خلاف چلائی جانے والی مہم کی مذمت کی اور اس کوعورتوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ قرار دیا۔









