کراچی(نیوز ڈیسک) کراچی میں رینجر اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو کراچی کے علاقے اتحاد ٹاو¿ میں انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔رینجرز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ رینجرز اور پولیس کی انٹیلی جنس اطلاع پر اتحاد ٹاو¿ن میں مشترکہ کارروائی کی گئی۔ گرفتاردہشت گردوں میں نور محمدعرف بیت اللہ،حیات اللہ اور خان بہادرعرف قاری باسط شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیے گئے ان دہشت گردوں نے کراچی میں دہشت گردی کابڑا منصوبہ بنا رکھا تھا، جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔گرفتاردہشت گرد فورسز پرکریکرحملوں اوربم دھماکوں میں ملوث ہیں۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتاردہشت گرد حال ہی میں افغانستان سےکراچی پہنچے تھے، دہشت گردوں نے2008 میں کالعدم ٹی ٹی پی مولوی فقیرگروہ میں شمولیت اختیار کی،2014 میں داعش میں شمولیت اختیار کرکے متعدد دہشت گردی کی وارداتیں کیں۔رینجرز ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے 2008 میں خرکے باغ، باجوڑ ایجنسی اور عنایت قلعے بازار میں متعدد جوان شہید اور زخمی کیے،2012 میں چوگام میں آرمی اور ایف سی پرحملے میں متعدد جوان شہید اورزخمی کیے،2013 میں سلارزئی باجوڑ میں پاکستان آرمی پر حملے میں متعدد جوان شہیداور زخمی کیے،دہشت گردوں نے باجوڑ میں متعدد دھماکے کیے،جس میں درجنوں افرادشہید اور زخمی ہوئے۔









