ڈی جی خان (مانیٹرنگ ڈیسک)وسیم اکرم پلس کے کارنامے آہستہ آہستہ منظر عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں اور امید یہی کی جا رہی ہے کہ جس دن عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے سائیڈ پر کیا جائے گا یا پھر پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہو گا اس دن ایسی ایسی کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آئیں گی اور ایسی فائلیں دفتروں کی کھڑکیوں سے باہر جھانکیں گی کی اصل والے وسیم اکرم بھی حیران رہ جائیں گے کہ پنجاب حکومت کے تخت پر براجمان وسیم اکرم پلس کی ناک کے نیچے کیا کچھ ہوتا رہا ہے۔بلین ٹری منصوبے کا نعرہ بلند کرنے اور ماحول دوست ہونے اور دیگر اصلاحات کا اعادہ کرنے والی پی ٹی آئی حکومت اور ملک کے سرخیل صوبہ پنجاب کے روح رواں عثمان بزدار کے آبائی علاقے میں موجود خوبصورت جنگلوں کو قبضہ مافیااور ٹمبر مافیا نے تباہی کے کنارے پر لاکھڑا کیا ہے۔
علاقائی عوام یوں ہرے بھرے جنگل کی تباہی پر رنج و غم میں مبتلا ہیں کہ یواین او اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کی طرف سے منظور شدہ اس جنگل کو پی ٹی آئی دور میں برباد کیا جا رہا ہے۔کئی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بننے کے بعد جنگلات اور زمینی ماحول کے تحفظ کی تنظیموں تک پہنچ چکی ہیں۔ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرے بھرے جنگل کی ٹمبر مافیا کٹائی کر رہا ہے اور سینکڑوں درخت کاٹنے کے بعد وہاں سے لے جائے جا رہے ہیں جبکہ جنگل کے ایک حصے میں آگ بھی لگا دی گئی ہے،جس سے جنگل میں رہنے والے پرندے اور جانور اب بے گھر ہو رہے ہیں۔اس حوالے سے علاقے کے عوام نے وزیراعظم عمران خان اور پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے نوٹس لینے کا کہا ہے کہ تونسہ اور گردونواح کے ان ہرے بھرے جنگلوں کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔









