پی آئی اے کے طیارے سے ٹریکٹر ٹکرا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ایئرپورٹ پرٹریکٹر( ٹگ وین) بے قابو ہوکر پی آئی اے طیارے سے جاٹکرایاجس سے کیٹرنگ وین کو بھی نقصان پہنچا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ میں پی آئی اے کا ابوظہبی سے آنے والا طیارہ پارکنگ بے نمبر 8 میں پارک تھا کہ بے قابو ٹگ وین طیارے کے باٹم ہولڈ سے ٹکرائی اور پی آئی اے کیٹرنگ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹگ وین کا ڈرائیور نیاز علی اچانک بے ہوش ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ٹگ وین بے قابو ہوکر جہاز اور کیٹرنگ وین سے ٹکرائی، سول ایوی ایشن ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بے یوش ڈرائیور کو ٹراما سینٹر منتقل کیا،

ابتدائی طبی امداد کے بعد متاثرہ ڈرائیور کو اسلام آباد کے نجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پی آئی اے حکام نے متاثرہ جہاز کو بھی اڑان نہ بھرنے کی ہدایت کردی ہے۔قبل ازیں قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی کینیڈا جانے والی پروازوں کے 2 فضائی میزبان مبینہ طورپرغائب ہوگئے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئر ہوسٹس کے لاپتہ ہونے کے علم 31 جنوری اور فلائٹ اسٹیورڈ کا پتہ 29 جنوری کو چلا۔ ایئرہوسٹس 29 جنوری کو کراچی سے ٹورنٹو کی پرواز پی کے797 پرتعینات تھی۔ فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کا علم 31 جنوری کو پرواز کی وطن واپسی کے وقت ہوا۔ترجمان کے مطابق 29 جنوری کو فلائٹ اسٹیورڈ بھی اسلام آباد سے ٹورنٹو پہنچنے پر مبینہ طور پرغائب ہوگیا۔ترجمان پی آئی اے کا کہہنا تھا کہ فضائی میزبان جنرل ڈکلیریشن پر کینیڈا جاتے ہیں۔ کینیڈین امیگریشن اتھارٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبان کی کینیڈا میں گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی میزبان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں