اسلام آباد(نیوز ڈیسک )بنگلا دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ سے ملاقات میں کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلا دیشی شہریوں پر ویزا پابندیاں ختم کردیں ، مضبوط تعلقات کیلئے غیر تجارتی رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی ۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے بنگلادیشی وزیر کو 1974ء کے سہ فریقی معاہدے کی نقل فراہم کی گئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تمام مسائل حل کیے گئے تھے۔ ہائی کمشنر کی جانب سے اس بات کی ضرورت پر زور دیا گیا کہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پیداواری تجارتی تعلقات ضروری ہیں اور اس کیلئے غیر تجارتی رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی
اور ایسی کوششیں بروئے کار لائی جائیں جن سے دونوں ملکوں کے تجارتی شعبے کے درمیان وقتاً فوقتاً بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ برقرار رہے۔واضح رہے کہ 20مئی2019 کو بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کے اجراپر پابندی کے بعد پاکستان آنے والی پروازیں بھی بند کر دی تھیں۔بنگلہ دیش نے پاکستان کے لیے پروازوں کا اجرا روک دیا تھا۔ بنگلہ دیش نے یہ فیصلہ اپنے سفارتکار اقبال حسین کو پاکستان کی جانب سے ویزا کے عدم اجرا پر کیا تھا۔ اقبال حسین، بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں پریس اور ویزا قونصلر تھے اور ذرائع کے مطابق اقبال حسین نے جنوری میں پاکستان کو ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی البتہ وزارت داخلہ نے 4 ماہ گزرنے کے بعد بھی اقبال حسین کو ویزا میں توسیع نہیں دی۔










