کراچی(نیوز ڈیسک)سونے کی فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 15 ڈالر بڑھ کر 1948 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ اس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400 روپے اور 343 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا۔اس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 116000 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 99451 روپے ہوگئی۔
بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 3000 روپے کم رہی ہے۔اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1400 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 1200 روپے 27 پیسے پر مستحکم رہی ہے۔دوسری جانب کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں پاکستان کرنسی کے مقابلے میں ڈالر 35 پیسے مہنگا ہوگیا۔فاریکس ڈیلرز ایسو سی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 160.33 روپے پر بند ہوا۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 100 انڈیکس میں 36 پوائنٹس کمی ہوئی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 44 ہزار 650 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔خیال رہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر 15 پیسے مہنگا ہوگیا تھا۔فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز انٹر بینک میں ڈالر 159.83 سے بڑھ کر 159.98 روپے پر بند ہوا تھا۔









