لاہور (نیوز ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ 3جنوری کو لاہور میں مولانا خادم حسین رضوی کے چہلم کے موقع پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ،ان کے اچانک انتقال سے تحفظ ختم نبوت تحفظ ناموس رسالت کی تحریک نہیں رکے گی بلکہ ہم ایک نئے عزم اور جوش و ولولہ کے ساتھ تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں دینی جماعتوں کو اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہونے کیلئے ضروری ہے کہ نبی کریم ﷺ کی ناموس اور تحفظ ختم نبوت کو اپنا مقصد حیات بنایا جائے اس
کے بغیر زندگی بے مقصد اور فضول ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ہمارے کوئی سیاسی عزائم اور نہ اقتدار ہماری منزل ہے بلکہ ہم صرف اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو بیدار اور ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر و لبرل قوتوں کی کوشش اور سازش ہے کہ وہ ملک کے اندر فرقہ واریت کو ہوا دیکر یہود و ہنود کے کلچر کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں مگر انشاء اﷲ انہیں انکے مذموم مقاصد میں ناکامی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلکی اختلافات اور فرقہ واریت کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے ، قومی اتحاد و یک جہتی کا راستہ اختیار کیا جائے ۔









