وزیراعظم نے پاکستان کے خلاف سازشیں کرنیوالے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان نے وزارت اطلاعات اور سیکیورٹی ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ بھارتی میڈیا کےمنفی پراپیگنڈے کو ناکام بنانے اور اس حوالے سے عوام میں بہتر شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں بھرپور اقدامات کیے جائیں۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان کے خلاف جاری بھارتی پراپیگنڈے خصوصاً بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری ہائبرڈ وارفئیر کے حوالے سے اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بےبنیاد اور من گھڑت مہم کا مقابلہ حقائق سے کیا جائے اور بھارت کا اصل چہرہ عوام اور عالمی برادری کا سامنے لایاجائے۔

وزیرِاعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی میڈیا بھی اس ضمن مین اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ہندوفاشسٹ ایجنڈے اور اس کے نتیجے میں علاقائی امن و امان کو درپیش خطرات سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ اس پراپیگنڈے کا مقصد نہ صرف بھارت کے اندرونی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانا ہے بلکہ پاکستان میں انتشار پھیلانا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد ، وزیرِ مواصلات مراد سعید، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد و دیگر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں پاکستان کے خلاف بھارتی میٖڈیا کی جانب سے غلط معلومات اور منفی پراپیگنڈے کا جائزہ لیا گیا۔عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ خواتین، اقلیتوں کے حقوق کے ایشوز پر این جی اوز ، ادارے پروپیگنڈے میں مصروف ہیں، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو کچھ اداروں ، این جی اوز کی فنڈنگ کے ثبوت بھی دکھائے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے غیرملکی فنڈنگ لینے والے اداروں، این جی اوز کی نشاندہی کرکے کارروائی کی سفارش کی گئی۔وزیراعظم نے غیرملکی فنڈنگ سے پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف 48 گھنٹے میں ایکشن کا حکم دیا، عمران خان نے ہدایت دی کہ ایسی این جی اوز ، اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کو ٹھیک کرنا ہے دشمن عناصر سے پاک کرنا ہے، پروپیگنڈا کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن کی درخواست منظور نہ کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں