احسن اقبال کے گھر سے پولیس کو دی جانیوالی اطلاع سےمتعلق اہم انکشاف سامنے آگیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں مسلم لیگ ن کے سینئررہنما خواجہ آصف کو گذشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ خواجہ آصف کو اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں یہ بتایا جارہا ہے کہ پولیس کو احسن اقبال کے گھر سے اطلاع دی گئی تھی کہ خواجہ آصف اس وقت اجلاس میں شامل ہیں ، احسن اقبال کے گھر پر ہی موجود کسی شخص نے پولیس کو مخبری کی جس پرپولیس نے احسن اقبال کے گھر پہنچ کر خواجہ آصف کو گرفتارکرلیا ۔تاہم یہ اطلاع کس نے دی اس کا نام ابھی سامنے نہیں آیا ۔خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو

(نیب) لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر خارجہ و دفاع خواجہ محمد آصف کو مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں گرفتار کیا ہے۔نیب کے اعلامیے کے مطابق ملزم کے خلاف نیب قانون این اے او 1999 کی شق (v) اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی سیکشن (3) کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔نیب کا کہنا ہے کہ ملزم خواجہ آصف نے مبینہ طور پر اپنی آمدن سے زائد اثاثہ جات بنائے جبکہ اثاثہ جات کی نوعیت، ذرائع اور منتقلی کو بھی چھپایا۔نیب کے مطابق ملزم خواجہ آصف نے 1991 میں بطور سینیٹر عہدہ سنبھالا جو بعد ازاں مختلف ادوار میں وفاقی وزیر اور ایم این اے بھی رہے، عوامی عہدہ رکھنے سے قبل 1991 میں ان کے مجموعی اثاثہ جات 51 لاکھ روپے پر مشتمل تھے تاہم 2018 تک مختلف عہدوں پر رہنے کے بعد ان کے اثاثہ جات 221 ملین تک پہنچ گئے جو ان کی ظاہری آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔دوسری جانب احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کل تک لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ محمد آصف کو راہداری ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔ عدالت نے خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کل تک متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔خواجہ آصف کو گزشتہ رات نیب لاہور نے اپنی حراست میں لیا تھا اور ان کا راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد اب نیب لاہور منتقل کیا جائے گا۔ انہیں رات طبی معائنہ کرکے نیب راولپنڈی کے آفس رکھا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں