کسی بھی ڈائیلاگ کا حصہ بننا اپنے مقصد سے پیچھے ہٹنا ہے، نواز شریف

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا شوشہ حکومت اور سلیکٹرز کو این آراو دلوانے کیلئے ہے، یہ شوشہ ووٹ چوری کرکے عمران خان کو لانے والے چھوڑ رہے ہیں، کسی بھی ڈائیلاگ کا حصہ بننا اپنے مقدس مقصد سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹر پر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی باتوں پر اپنے ردعمل میں واضح کیا کہ ووٹ چوری کرکے عمران خان کو لانے والے اب گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔جس کا مقصد اس نااہل کرپٹ حکومت اور سلیکٹرز کو پی ڈی ایم سے این آراو دلوانا ہے۔

ہماری جدوجہد عوامی مشکلات کے حل اور ووٹ کو عزت دو کیلئے ہے۔ ایسے کسی ڈائیلاگ کا حصہ بننا اپنے مقدس مقصد سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہوگا۔واضح رہے مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماء محمد علی درانی گزشتہ روز سے متحرک ہیں، انہوں نے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے جیل میں ملاقات بھی کی۔آج نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور لندن میں ٹریک ٹو مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، جنوری فروری میں استعفے بھی نہیں آئیں گے، لانگ مارچ آگے چلا جائے گا، سینیٹ الیکشن بھی ہوں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر آصف کرمانی نے محمد علی درانی کی پیشگوئیوں کو یکطرفہ اورپی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی کوشش قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ محمد علی درانی سے متعلق جو تذکرہ کیا جارہا ہے ، اس میں درانی کی اپنی پیشگوئیاں اور بیانات شامل ہیں، جبکہ شہبازشریف کا براہ راست یا ان کے ترجمان کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔شہبازشریف سمیت تمام رہنماء پارٹی پالیسی کے پابند ہیں۔اسی طرح پی ڈی ایم جو بھی فیصلہ کرے گی مسلم لیگ ن اس پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی درانی اپنے بیانات دے رہے ہیں، ان کی جماعت جی ڈے اے کا حصہ اور جی ڈے اے حکومت کی اتحادی ہے۔جبکہ شہبازشریف اور حمزہ شہبازتو جیل میں قیدی ہیں، ایک قیدی کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوتے ہیں، ایک قیدی کیا کرسکتا ہے؟ یہ سب کچھ پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں