لاہور(نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف واپس آ جائیں ورنہ فروری میں حالات انہیں واپس لے آئیں گے۔ لاہور میں کرسمس کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم جنہیں سوغات کہتی ہیں وہ کبھی ان کے والد کے آئیڈیل تھے اور کھلاڑی بننے کے لیے قلی اور سول ڈیفنس کی وردی پہنتے تھے۔اُن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز کو استعفوں کی جلدی ہے لیکن رسوائی اور جگ ہنسائی مریم اور فضل الرحمان کے مقدر میں لکھی جا چکی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے استعفے نہیں آئیں گے،
بلاول شہباز ملاقات کے کچھ اثرات سامنے آچکے، باقی جلد آجائیں گے، بلاول اور شہباز شریف کے پلے کچھ نہیں، آر یا پار والوں کی حالت یہ ہے کہ پورا پی ڈی ایم لاچار ہوگیا ہے۔فیاض چوہان نے مزید کہا کہ نواز شریف واپس آجائیں ورنہ فروری میں حالات انہیں واپس لے آئیں گے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی پاکستان واپسی کے حوالے سے برطانوی رکن پارلیمنٹ اسٹیفن ٹمز نے وزیراعظم بورس جانسن کو خط لکھا انہوں نے وزیراعظم بورس جانسن سے سوال کیا ہے کہ کیا نواز شریف کو واپس بھیجنے کے لیے کوئی راستہ اختیار کیا جائے گا؟ اسٹیفن ٹمز نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو یہ خط 16 دسمبر کو تحریر کیا تھا، انھوں نے لکھا کہ میرے علاقے کے رہائشی خالد لودھی نے بھی آپ کو نواز شریف کی واپسی پر خط لکھا تھا جس میں پاکستان کی طرف سے تارکین وطن کی پرواز قبول نہ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔اسٹیفن ٹمز کا کہنا تھا کہ برطانیہ نواز شریف کی واپسی کا پابند ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان بھی اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی سے متعلق بیانات دے چکی ہے جبکہ اپنے حالیہ انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نواز شریف کی واپسی مشکل ہے لیکن کوشش جاری رکھیں گے۔









