فضل الرحمن کیخلاف نیب کا نوٹس ملنے پر جے یو آئی نے حکومت کو بڑی دھمکی دیدی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف نیب کو استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ ادارے وزیراعظم کی پشت پناہی چھوڑدیں۔جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ اور صوبائی امراء کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نیب انتقامی کارروائی کرنے والا ادارہ بن چکا ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔انہوں نے کہاکہ فوج سرحدوں کی محافظ ہے۔ پاک فوج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

جے یو آئی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک منطقی انجام تک پہنچنے تک چلتی رہے گی۔ حافظ حسین احمد اور مولانا شیرانی کے حوالے سے کمیٹی بنادی ہے۔ جو ایک سے دو دن کے اندر فیصلہ کرے گی۔ سینیٹ اور ضمنی انتخابات سے متعلق فیصلہ پی ڈی ایم سربراہان کریں گے۔عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ماضی میں بھی بلیک میل کرنے کی ہمیں کوشش کی جاتی رہی ہے ،ہم بلیک میل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے کے بعد ان کی چیخیں نکلی ہیں تو اب بدمعاشی پر اتر آئے ہیں،نیب انتقامی ادارہ ہے،اب نیب بھی اوپر سے دباو کا اعتراف کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں ہمارا نام نہ لو،جب آپ سب کچھ کروائیں گے تو نام لینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران اور نیب کچھ نہیں وہ شو پیس ہیں۔جے یو آئی رہنمانے کہا کہ سیاستدانوں کی کردار کشی بند کی جائے،اگر باز نہ آئے تو ہمارا احتجاج محرکین کے خلاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کردار کشی جاری رہی تو ہم سمجھیں گے نیب اور عمران خان نہیں پیچھے والوں کو سامنے لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی دست شفقت عمران سے ہٹاؤ عمران دھڑام سے گر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکیس جنوری کو کراچی میں اسرائیل کے خلاف مارچ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں