اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فوج سے متعلق پیشہ ورانہ امور، ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی،پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قوم کے تعاون سے ملکی دفاع کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم اور عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم کی مدد سے مادروطن کا وفاع کیاجائے گا۔ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ڈٖائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تھا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا تھا۔پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل او سی پر آبادی کے تحفظ کے لیے اقدامات بروئے کار لائے گی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کی جغرافیائی سرحدوں اور وقار کا تحفظ یقینی بنائے گی، بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔یاد رہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اس سے قبل بھارتی فوج کی تتہ پاتی ، جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ سے معمر خاتون شہید اور 4 سالہ بچی سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔









