پارٹی رہنما اسمبلیوں میں استعفے جمع نہ کروائیں ، ن لیگ نے ارکان کو ہدایت جاری کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تمام ن لیگی ارکان نے پارٹی قیادت کو استفعے جمع کروا دیے ہیں، ارکان کو ہدایت کی کہ کوئی رکن براہ راست اسپیکر اسمبلی کو استعفیٰ جمع نہیں کروائے گا، اسپیکر کو استعفے جمع کروانے کی تاریخ کا اعلان پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی قیادت نے اپنے ارکان کے لئے استعفے جمع کرانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈلائن مقرر کی ہے۔ ہمارے ارکان نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرا دیے ہیں جن پر حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔

استعفیٰ پارٹی کی ہدایت کے مطابق طے شدہ تاریخ کو سپیکرقومی اسمبلی کو جمع کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ارکان کو ہدایت ہے کہ کوئی استعفیٰ براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو نہیں جمع کرایا جائے گا۔میڈیا سے درخواست ہے کہ پارٹی کی مرکزی ترجمان سے تصدیق کے بغیر ایسی خبریں نہ چلائی جائیں۔پی ڈی ایم ارکان کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا معاملہ دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے 2 ارکان قومی اسمبلی نے اپنے استعفے اسپیکر اسد قیصر کو بھجوا دیے ہیں جب کہ ن لیگ اس کی تردید کررہی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دونوں ارکان کے استعفوں کی کاپیاں جاری کردیں اور اسپیکر اسد قیصر نے استعفی بھیجنے والے دونوں ارکان قومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی اور محمد سجاد کو تصدیق کے لیے طلب کرلیا۔استفوں کی تصدیق کے لیے دونوں ارکان کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کرنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ دونوں ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے سرکاری لیٹر پیڈ پر اسپیکر اسد قیصر کو بھجوائے، استعفوں پر ان کے دستخط قومی اسمبلی کے ریکارڈ میں دیے گئے دستخطوں کے مطابق ہیں، ممبران اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کی تاریخ سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو مطلع کریں۔مراسلے میں کہا گیا کہ ممبران کی جانب سے دی گئی تاریخ کے 7 دن کے اندر انہیں استعفوں کی تصدیق کے بلایا جائے گا، ان کی جانب سے جواب نہ دینے کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ اُنہوں نے اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا، ان کے پیش نہ ہونے کی صورت میں اُن کے استعفوں کو منظور کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں