سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کا قیمتی جانی نقصان ہوگیا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں نائیک شہید اور7 جوان زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 34 سالہ نائیک یاسین شہید اور 7جوان زخمی ہوگئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے پر فوری جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سیکورٹی فورسز نے

خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع آواران میں سلک کور میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیاتھا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا 22 سالہ جوان مختار شہید ہو گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دے کر دشمن کو بھاری جانی و مادی نقصان پہنچایا۔اس کے علاوہ بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شعیب شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں کارروائی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی ، فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شعیب شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک گرفتار کر لیا گیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور کمیونی کیشن کے آلات برآمد کر لئے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں