یااللہ تیرا شکر ہے، اسلام آبا د ایئرپورٹ پر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیرین ائیرلائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ونڈ اسکرین پر پرندہ ٹکرانے سے خوفناک حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔حادثے میں پائلٹ کے سامنے ونڈ اسکرین بری طرح متاثر ہوئی جس کے باعث طیارے کو گراونڈ کرکے اگلی پرواز منسوخ کردی گئی۔ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد آنے والی سیرین ایئر کی پرواز نمبر ER 500 کا حامل طیارہ لینڈنگ پوزیشن پر تھا کہ اچانک طیارے کے عین پائلٹ کے سامنے کی ونڈ اسکرین پر پرندہ آکر ٹکرایا جس سے شیشے کو شدید نقصان پہنچا اور پوری اسکرین پر دراڑیں پڑگئیں۔

پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا۔ بعدازاں طیارے کو ایئرپورٹ پر ہی گراؤنڈ کرکے آئندہ پرواز کو منسوخ کردیا گیا۔آئندہ پرواز پر روانگی کے انتظار میں بیٹھے کچھ مسافر پرواز منسوخ ہونے پر واپس گھروں کو روانہ ہوگئے جبکہ چند مسافر ایئرپورٹ پر ہی اگلی پرواز کے انتظار میں بیٹھے رہے۔خیال رہے کہ ماضی میں بھی جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔گندگی کے باعث جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔سول ایوی ایشن ائیرپورٹس کے اطراف میں صفائی ستھرائی رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں