دُبئی(نیوز ڈیسک ) اسلام دُنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے۔اس کا آفاقی پیغام اور حق پر مبنی تعلیمات گلوبلائزیشن کے دور میں بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ یورپ اور امریکا میں بھی اسلاموفوبیا کے باوجود ہر سال ہزاروں غیر مسلم اسلام کے نور سے مالامال ہو رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 50 لاکھ کے لگ بھگ غیر مسلم موجود ہیں ، جن میں اسلام کا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے۔اسلام کی شاندار تعلیمات کا اثر ہزاروں غیر مسلموں پر ہو چکا ہے۔ اس کی ایک وجہ اماراتی حکومت کی جانب سے غیر مسلموں سے برابری کا سلوک اور مہمان نواز رویہ ہے۔
جس ان افراد کو اسلام کی طرف راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔دُبئی کے محمد بن راشد سنٹر فار اسلامک کلچر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران اب تک 3,184افراد نے اسلام قبول کر لیا ہے، جن کاتعلق ایشیائی، افریقی اور یورپی ممالک سے ہے۔اس سال کورونا کی وبا ہونے کے باعث اسلامک سنٹر نے تمام افراد کو آن لائن اسلام قبول کروایا۔ ان افراد نے اسلام کے بارے میں جاننے کی خواہش ظاہر کی تھی، جنہیں اسلام کے آفاقی اور انسانی بھلائی کے پیغام سے پہچان کروائی گئی۔ اسلام کی حقانیت پوری طور ظاہر ہونے کے بعد ان کے سینے ایمان کی روشنی سے منور ہو گئے۔ اور بھی سینکڑوں افراد نے اسلام قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔اسلامک سینٹر کی ڈائریکٹر ہند محمد لوطاہ نے بتایا کہ کہ دُبئی میں سینکڑوں ممالک ، مذاہب اور قومیتوں کے لوگ آباد ہیں جو امارات کی اعلیٰ اسلامی و ثقافتی اقدار سے بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، یہاں کے حکمرانوں کی مذہبی رواداری اور اماراتی عوام کے حُسنِ سلوک کی باعث وہ اسلام کو جاننے کی شدید خواہش رکھتے ہیں ۔ ہزاروں افراد اسلامک سینٹر کا رُخ کرتے ہیں جہاں ان پر اسلام کی حقانیت اور انسانی بھلائی پرمبنی تعلیمات کا گہرا اثر ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وہ اسلام قبول کر لیتے ہیں۔شعبہ برائے فلاحِ نومسلم کی سربراہ حنا عبداللہ الجلاف نے بتایا کہ اسلام قبول کرنے والے افراد مختلف ماحول اور ثقافت سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں اسلامی تعلیمات سے جلد از جلد آگاہی کے لیے ان کے شعبے کی جانب سے بھرپور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ جو افراد اسلام کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں یا اسلام قبول کرنے کی خواہش رکھتے ہیں ،وہ مرکز کی ویب سائٹ www.iacad.gov.ae پر آن لائن درخواست بھیج سکتے ہیں یا ٹول فری نمبر 800600پر بھی کال کی جا سکتی ہے۔









