مینار پاکستان کے جلسے میں دس لاکھ سے زائد لوگ تھے

لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے گذشتہ روز لاہور میں جلسہ کیا۔ پی ڈی ایم کی جانب سے اسے اب تک کا سب سے کامیاب جلسہ قرار دیا گیا جبکہ حکومتی نمائندوں نے مینار پاکستان کی خالی جگہوں کی تصویر شئیر کرتے ہوئے اسے ”جلسی” قرار دیا۔ تاہم جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے جلسے میں شریک افراد کی تعداد کے حوالے سے دعویٰ کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ اگر آپ مجھے اتنا کہہ رہے ہیں تو میں بتا دیتا ہوں کہ جلسے میں لوگوں کی تعداد دس لاکھ سے زائد تھی۔

ہمارا یہی ٹارگٹ تھا کہ اتنے لوگ آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جلسے کا مولانا خادم حسین رضوی کے جنازے سے موازنہ کرنے کی کیا ضرورت ہے ؟ آپ ہمارے الگ سے دس لاکھ لوگ گن لیں۔ضروری تو نہیں ہیں کہ ہم اُن سے ٹکرائیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جنوری کے آخر یا فروری کے اوائل میں لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مارچ میں استعفے ساتھ لے کر جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ زخم گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ غصے اور ناراضی کا عنصر بڑھتا جا رہا ہے۔ ہمیں ایک قوم کی طرح رہنا ہوگا۔ اسی عوام میں سے پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوج بنتی ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم کے جلسے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعلی تبدیلی کا آغاز مینار پاکستان سے شروع ہوا تھا، آج اسی تبدیلی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔ لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اسلام آباد پہنچ کر سلیکٹڈ، نااہل اور نالائق وزیراعظم کا استعفیٰ لیں گے۔ ہمارے درمیان کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ ہم کٹھ پتلی حکومت کو بھگائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں