کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان فٹ بال فیڈریشن میں باہمی چپقلش کے باعث فیفا نے پاکستان کے خلاف بڑا اقدام اٹھالیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی فیڈریشن (فیفا) کی بیورو آف کونسل نے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا ہے، فیفا نے گذشتہ ہفتے پاکستان کو وارننگ دی تھی کہ اسکی نامزد کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے کام میں مداخلت نہ کی جائے لیکن پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اشفاق گروپ نے فٹبال ہاؤس پر قبضہ ختم نہ کیا۔ معطلی کی وجہ سے پاکستان کو فیفا کی فنڈنگ ملنا ختم ہو جائیگی اورپاکستان بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصہ نہیں لے سکے گا۔اس تنازعے کے باعث نیشنل
ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں ٹیموں نے اپنے میچز کھیلنے سے انکار کردیا تھا، جس کے باعث ماشا یونائیٹڈ اور ہائی لینڈرز کے درمیان سیمی فائنل منسوخ ہوا بعد ازاں ٹورنامنٹ بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔اس تنازعے پر فیفا نارملائزیشن کمیٹی نےفٹبال کمیونٹی کےنام کھلا خط لکھا تھا، خط میں کہا گیا تھا کہ نارملائزیشن کمیٹی پاکستان میں فیفا کی نمائندہ ہے نارملائزیشن کمیٹی ملک میں انتخابی عمل کومکمل کرنےکیلئےکوشاں تھی، خط کے مطابق نارملائزیشن کمیٹی کی کوشش تھی کہ جلد سےجلد انتخابی عمل مکمل ہو، 27مارچ کےواقعہ سےفٹبال بحالی، انتخابی عمل کوشدیدنقصان پہنچا جب کہ فیفاہاؤس کی پوزیشن واپس نہ کیےجانا افسوسناک امر قرار دیا تھا۔قبل ازیں2017 میں پاکستان کو پہلی مرتبہ معطلی کا سامنا کرنا پڑا،فیفا نے پابندی کے ساتھ ہی پاکستان کو فنڈز کی فراہمی روک دی،پابندی کے سبب پاکستان انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکے گا،معطلی پی ایف ایف معاملات میں بیرونی مداخلت پر کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا کی طرف سے عائد پابندی پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائیزیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک معطل رہے گی۔









