مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹانےکی خبریں ، پی سی بی نے دوٹوک اعلان کردیا

لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ اینڈی فلاور کو مصباح الحق کی جگہ ہیڈ کوچ بنانے کی خبریں درست نہیں ہیں کیوں کہ وہ اگلے 2 سال تک مصروف ہیں، ان سے معاہدے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ اینڈی فلاور کی طرح اس وقت گیری کرسٹن بھی دستیاب نہیں ہیں، ہم نے کرکٹ کمیٹی میٹنگ میں مصباح الحق کو ہر چیز سے واضح طور پر آگاہ دیا ہے، مصباح الحق کو مزید مواقع دینا چاہتے ہیں، جنوبی افریقہ کی سیریز کے بعد 15 ،16 فروری کو کرکٹ کمیٹی اجلاس میں تمام کوچز

بالخصوص مصباح الحق کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، مصباح اور وقار یونس کا 3،3 سال کا معاہدہ ہے لیکن اسے قبل از وقت ختم بھی کیا جاسکتا ہے، اگر ہمیں انہیں پیسے دینے ہوں گے تو دیں گے لیکن اس موقع پر کوچز کی تبدیلی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔یاد رہے کہ سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اپنے یوٹیوب چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ مصباح الحق کی جگہ قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور ہوں گے، اس حوالے سے منظوری ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اینڈی فلاور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطان کے کوچ ہیں، وہ چھٹے سیزن کے بعد قومی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔دوران گفتگو شعیب اختر نے کرکٹ کمیٹی کے پی سی بی کو کوچنگ اسٹاف برقرار رکھنے کے الفاظ کو غیر اہم قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں یہ صرف پی سی بی کی پالیسی ہے، کرکٹ بورڈ تنقید سے بچنے کے لیے مصباح الحق جیسے میڈیاکرز کو استعمال کرتا ہے تاکہ سارا ملبہ اُن پر ڈال دیا جائے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پی سی بی نے یہ نہیں کہنا کہ کمیٹی کی سفارش پر ہم نے مصباح الحق کو چانس دیا، کوئی چانس نہیں ملے گا، انہوں نے موجودہ ہیڈ کوچ کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں