معروف ماڈل و اداکارہ نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ و ماڈل زینب جمیل نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق زینب جمیل نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھاکہ ’’میں فخر سے اس بات کا اعلان کر رہی ہوں کہ میں نے اداکاری اور ماڈلنگ چھوڑ دی ہے ،میں اللہ تعالیٰ کی شکرگزار ہوں کہ اس نے مجھے قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کرنے کا شرف بخشا ہے ۔ میں اب اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرتے ہوئے دین اسلام کی زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کروں گی۔زینب جمیل نے کہا کہ شوبز سے دور ہونے کا فیصلہ کرکے خود کو پرسکون محسوس کررہی ہوں ۔

قبل ازیں انہوں نے ایک نجی چینل سے بطور نیوز اینکر کیریئر کا آغاز کیاتھا، بعد ازاں وی جے کی خدمات بھی سرانجام دیتی رہیں، اس کے بعد انہیں ٹی وی ڈراموں کے سبب شہرت ملنی شروع ہوئی۔انہوں نے ڈراموں میں لیڈ رول بھی نبھائے۔ سدا سکھی رہو، سسرال میری بہن کا، مل کے بھی ہم نہ ملے اور خواب سرائے سمیت ڈراموں میں انہیں شوبز انڈسٹری کے نامور ستاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ پاکستانی فلم جوانی پھر نہیں آنی میں بھی انہوں نے ایک چھوٹا سا رول نبھایا تھا۔زینب جمیل نے مختلف چینلز کے شوز کی میزبانی بھی کی تاہم اب انہوں نے مذہب کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں