لاہور(نیوز ڈیسک)معروف گلوکار شوکت علی گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے جنہیں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر شوکت علی کا ایک انٹرویو گردش کر رہا ہے جس میں وہ وزیراعظم عمران خان سے کئی گلے شکوے کرتے نظر آتے ہیں۔وائرل کلپ میں شوکت علی کہتے ہیں کہ ایک بھکاری کسی کو کیا دے گا،کبھی فنکاروں کا خیال نہیں آیا، شوکت علی مزید کہتے ہیں کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بہت کام کیا ہے۔لیکن جو چائے نہیں پوچھتا اس نے قوم کو کیا پیغام دینا ہے۔میں عمران خان کے ساتھ 22 سال قبل برسلز بھی گیا تھا جہاں ہم نے کروڑوں ڈالر اکٹھے کیے، وہ جہاں بھی رہے خوش رہے۔
میں نے فنڈ ریزنگ کے لیے اپنے آپ کو کئی موقعوں پر پیش کیا ہوا ہے۔کبھی کسی سے پیسے کی توقع نہیں کی صرف عزت چاہی۔سب لوگ پھول بھیج دیتے ہیں لیکن کبھی کسی کو یہ خیال نہیں آیا کہ اس کے اخراجات کتنے ہیں۔شوکت علی نے مزید کہا کہا ویڈیو میں ملاحظہ کیجیے۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے معروف گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں فن گائیکی کے حوالے سے ان کی خدمات کو سنہرے حروف میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔خیال رہے کہ نامور گلوکار شوکت علی مرحوم کی رسم قل آج ( اتوار) بارہ بجے دن ان کی رہائشگاہ 557جوہر ٹائون پرادا کی جائے گی ۔ رسم قل میں مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور بعد ازاں اجتماعی دعا کرائی جائے گی ۔ گزشتہ روز ان کے عزیز و اقارب ،دوست احباب اور سیاسی شخصیات سمیت دیگر کی جانب سے ان کی رہائشگاہ پر جا کر ان کے صاحبزادو ں سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا ۔