کورونا کے پھیلائو میں تیزی، اسلام آباد کے کتنے علاقوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا؟تشویشناک صورتحال

اسلام آباد (نیوزڈیسک) کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کے 3 سب سیکٹرز کو آج رات سے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں برطانیہ میں پھیلے کورونا کی نئی شکل کے کیسز بڑی تعداد میں سامنے آنے لگے ہیں، جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کے 3 سب سیکٹرز کو آج رات سے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ سیکٹر ایف الیون 1 میں 51، آئی ایٹ 4 میں 54 جب کہ سیکٹر آئی ٹین ٹو میں کورونا کے 48 کیسز سامنے آئے ہیں، اس صورت حال کے پیش نظر تینوں سب سیکٹرز کو آج رات سے سیل کیا جارہا ہے۔

حمزہ شفقات نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر تجارتی مراکز اور تفریحی پارکس جمعہ ،ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے جب کہ دفاتر میں 50 فیصد سے زیادہ عملہ بلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے خط کے مطابق ‏اسلام آباد کےسب سیکٹرایف الیون ون، آئی ایٹ فوراورآئی ٹین ٹو میں کرونا کے 280 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئےہیں۔ ‏سرویلنس کے دوران کرونا سے متاثرہ افراد کےگھر والوں کو گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنےبتایا ہے کہ1 دن میں پاکستان میں مزید 32 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جبکہ اس دوران 2 ہزار 664 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 21 اموات ہوئیں۔این سی او سی نےملک میں کرونا وائرس کےمثبت کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہارکیا ہےاور بین الاقوامی سفر پر پابندی کیلئے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن میں اضافے پر بھی غور کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں