لاہور سے مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والاگروہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

لاہور (نیوز ڈیسک)پنجاب پولیس نے لاہور سے مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کے افراد کو گرفتار کرلیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورکے علاقے شیراکوٹ میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا گیاہے کہ پولیس نے لاہور کے علاقے بابوسابو کے قریب ایک گاڑی کو روکا لیکن اس نے گاڑی بھگادی۔پولیس نے پیچھا روکا اور چیک کرنے پر مردہ جانوروں کا گوشت پایا گیا جو شہر کی مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ پولیس کے مطابق مزدا گاڑی کو پچھلی سائیڈ سے ترپال لگا کر کوور کر رکھا تھا جس میں مردہ گائے تھی۔

پولیس نے ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا ہے۔ مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرتے تھے۔گرفتار ڈرائیور نے بتایا کہ وہ اکثر سڑک یا کھلی جگہوں پر مردہ جانوروں کو تلاش کرتے ہیں جسکے بعد مردہ جانوروں کو غیر قانونی ذبح خانہ لے جایا جاتا ہے۔ شیراکوٹ پولیس نے مزدا ڈرائیور سیف اللہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ حکام نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے اور مردہ جانوروں کا گوشت لانے والے گروہ کا پتا چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور شہر میں مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہوا تھا ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے خوراک کی حفاظت اور معیار کی پڑتال کیلئے کارروائیوں کے بعد حرام اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت ختم ہو گئی تھی تاہم اب پھر سے یہ گروہ اپنا کام کررہے ہیں، پولیس کی جانب سے گروہ کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں