ن لیگ کی ریلی میں مائزہ حمید اور عائشہ رجب کیساتھ شرمناک سلوک

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن لیگ کے عوامی رابطہ مہم کی ریلی میں بدنظمی کا ایک اور واقعہ پیش آگیا۔ لیگی رہنما مائزہ حمید اورساتھی خاتون کے ساتھ کارکنوں کی بدتمیزی۔ نجی ٹی وی سماء نیوز کے مطابق ن لیگ کے جلسے میں بدنظمی دیکھنے کو آئی جب جلسہ ختم ہوا تو لیگی رہنما اورایک دوسری خاتون کو کارکنوں نے گھیر لیا اور بدتمیزی کی، جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے مائزہ حمید ڈری ، سہمی بار بار کیمرے کی جانب دیکھتی رہیں، ان کے آنسو بھی نکل آئے۔ کافی دیر کے بعد مائزہ حمید اور ساتھی خاتون کو ایک کلینک میں پناہ لینا پڑی۔

اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ جلسہ بڑا منظم رہا ہے یہ ویڈیو میں دیکھیں گے کہ کس نے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی ہے۔ اگر وہ ہمارے کارکن ہوئے یا کسی دوسری جماعت کے تو ہم ان کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو جان بوجھ کر سکیورٹی نہیں دی جارہی،جب یہ واقعہ پیش آیا تب پولیس بھی وہاں تھی لیکن انہوں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ جب بغیر اجازت کے ایسے سڑکوں پر سپاٹے کریں گے تو ایسے واقعات تو رونما ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کارکنوں کی تاریخ ہے یہ صرف مریم نواز کو راجکماری سمجھتے ہیں باقی خواتین کو نیچا سمجھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف نہیں جلسے کروانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پیر کی شب ایک اور ایسا ہی واقعہ پیش آیا جب مریم نواز ریلی سے خطاب کیلئے لاہور کے علاقے شاہدرہ پہنچیں۔ ریلی کے دوران مریم نواز کی جانب سے خطاب کیا جا رہا تھا جب ان پر حملے کی کوشش کی گئی۔ریلی میں شریک کسی شخص نے مریم نواز پر چھڑی اچھال دی جو سیدھا ان کے سر پر جا لگی۔واقعے کے بعد مریم نواز نے فوری خطاب چھوڑ دیا اور وہاں سے روانہ ہو گئیں۔نواز شریف کی صاحبزادی کو چھڑی مارنے والے شخص کی نشاندہی نہیں ہو سکی۔ اس سے قبل پیر کی دوپہر کو بھی مریم نواز کیساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جب ریلی میں شرکت کے دوران ایک شخص نے انہیں نامناسب انداز میں چھوا۔ ریلی کے دوران ایک شخص نے مریم نواز کو ہاتھ لگایا جس پر پاس موجود کارکنان مشتعل ہو گئے اور مذکورہ شخص پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں