نوشہرہ(نیوز ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں گھر میں سلنڈر دھماکہ ہوا ہے جس میں 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خاتون اور 4 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو ٹیم گھرمیں سلنڈر دھماکے سے لگی آگ بجھانے میں مصروف ہے۔گزشتہ روز کراچی میں دعا چوک کے قریب دو منزلہ گھرمیں گیس سلنڈر کا دھماکہ ہوا جس سے 6 افراد زخمی اور ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔واقعہ کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ سلنڈردھماکے کے باعث عمارت کے ایک حصہ کونقصان پہنچا۔
سلنڈر دھماکے کے بعدعمارت میں آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کیلئے فائربریگیڈ کو طلب کیا گیا۔ زخمی افراد کو نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔متاثرہ افراد کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ہیں اور تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔دوسری جانب کچھ دیر قبل راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پیر ودھائی میں زوردار دھماکا ہوا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا گیا اور افراتفری مچ گئی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچیں جہاں 9 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ باقی زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔راولپنڈی پولیس ترجمان نے بتایا کہ پیر ودھائی تھانے کے قریب کریانہ اسٹور کے سامنے دھماکہ ہوا۔ پولیس ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے، تاہم دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔پولیس کے مطابق دھماکہ رکشہ میں ہوا ہے اور بظاہر رکشہ کی ٹینکی یا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے۔ ترجمان 1122 نے کہا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال علم نہیں ہوسکا۔









