اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے کیڈٹ حارث معراج کو رائل ملٹری کالج ڈنٹرون آسٹریلیا میں منعقد ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بہترین غیر ملکی کیڈٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔پاکستانی کیڈٹ حارث معراج نے پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آسٹریلیا کی فوجی تربیت کے معروف ادارے رائل ملٹری کالج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر پاک فوج کے کیڈٹ محمد حارث معراج کو مجموعی طور سب سے بہترین غیر ملکی کیڈٹ قرار دیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزاز پاک فوج کی جونیئر لیڈر شپ کے اعلیٰ تربیتی معیار، سخت محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج کی جونیئر لیڈر شپ کی تربیت کا معیار انتہائی بلند ہے اور وہ اپنے مقصد کے ساتھ کتنے مخلص ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاسنگ آؤٹ پریڈ کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے بھی حارث معراج کو یہ اعزاز اپنے نام کرنے پر مبارکباد دی۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانی کیڈٹ نے امریکی ملٹری اکیڈمی سے گریجویشن مکمل کرتے ہوئے دنیا بھر میں نا م روشن کیا۔ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کیڈٹ محمد تقی افتخار نے امریکہ کی ویسٹ پوائنٹ ملٹری کالج سے گریجویشن مکمل کی اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بن گئے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے محمد تقی کو مبارکباد پیش کرنے کا ٹویٹ سامنے آیا۔ امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ٹویٹ میں کیڈٹ محمد تقی افتخار کو ممتاز فوجی اکیڈمی سے بڑی کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔









