اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اپر کوہستان حادثے کی ابتدائی تحقیقات رپورٹ جاری کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق کوہستان کے ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ روز ہونے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے۔اور کہا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں مکمل ہونے پر جامع رپورٹ پیش کی جائے گی۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی بس کو صبح 7 بج کر 15 منٹ پر حادثہ پیش آیا۔بس سی جی جی سی کمپنی کے ملازمین کو برسین کیمپ سے کام کی جگہ لے جا رہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق حادثے میں 9 چینی باشندے، 2 ایف سی اہلکار اور 2 مقامی افراد جاں بحق ہوئے۔
واقعے میں 27 غیر ملکیوں سمیت 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔فرانزک ٹیموں، ایجنسیوں اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات کر رہے ہیں ۔خیال رہے کہ گزشتہ روز چینی کارکنوں کو لے جانی والی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں9 چینی باشندے اور3 پاکستانی شامل تھے۔ چینی کارکن پاکستانی عملے کے ہمراہ جاری منصوبے کے لیے کام پر جارہے تھے۔حکومت پاکستان کی جانب سے حادثے میں پاکستانی اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دفتر خارجہ کے حکام معاونت کے لیے چینی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔