سیکیورٹی فورسز کا ضلع کرم میں آپریشن، پاک فوج کے دو جوان دھرتی ماں پر قربان ہوگئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع کرم میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کا ایک کیپٹن اور جوان شہید ہوگیا جبکہ 3 دہشت گردوں کو بھی مارا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کرم کے علاقے زاوا میں کارروائی کی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ہری پور سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے 25 سالہ کیپٹن باسط اور اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سپاہی حضرت بلال شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید دہشت گردوں کی موجودگی کی صورت میں علاقے کو ان سے پاک کرنے کے لیے تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کےعلاقے ہلمرگ میں آپریشن کیا جس میں2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا بہادر سپاہی فدا الرحمان شہید ہو گیا۔ شہید سپاہی کا تعلق چترال کے علاقے مستوج سے ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ مارے گئے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اوربارود برآمد ہوا۔ دہشتگرد شہریوں اور فورسز کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز مادر وطن کے تحفظ اوردفاع کیلئے پرعزم ہیں۔گزشتہ سال دسمبر میں بھی بلوچستان کے ضلع آواران میں خفیہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث تھے۔ اس سے قبل بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور کمیونی کیشن کے آلات برآمد ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں