کراچی( نیوز ڈیسک ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مصطفی کمال کی تحریک انصاف میں میں شمولیت کے بیان سے متعلق تردید کر دی ۔تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے متعلق بیان کی تردید کی ہے۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مصطفی کمال کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ مصطفی کمال نے حکومتی جماعت کا حصہ بننے کے لیے مجھ سے ملاقات کی، میں مصطفی کمال کے گھر کبھی نہیں گیا۔ قبل ازیں مصطفی کمال نے کہاکہ حکومتی جماعت کا حصہ بننے کے لیے گورنر سندھ نے ان سے ملاقات کی،
گورنر سندھ انہیں پی ٹی آئی میں شامل کرنا چاہتے تھے۔مصطفی کمال نے کہاکہ سات ماہ قبل گورنرسندھ نے ان سے کہا تھا کہ مٹھائی گاڑی میں ہے، ایک بار ہاں بولو۔انہوں نے کہا کہ یہ مجھے پی ٹی آئی میں شامل کرنا چاہتے تھے، میرے خلاف بلدیہ ٹائون میں تحریک انصاف نے مہم چلائی.دوسری جانب پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ محنت کش صنعتی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اورپاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ محنت کش طبقے کو جائز مقام اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔یوم مئی کے موقع پر چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال کا خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمارا دین مزدور کی اجرت اسکا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرنے کا حکم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کی خوشحالی، احترام اور بااختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے،محنت کش طبقہ ملک کا اصل سرمایہ ہے جو ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی محنت کشوں کے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ آج ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کی وجہ سے مزدور اور روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے کروڑوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں،مہنگائی کی چکی میں پسے ہمارے محنت کش طبقے کو پہلے سے زیادہ آج ہماری بروقت امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کی فلاحی تنظیم پی ایس پی فائونڈیشن نے لاک ڈان میں محنت کشوں کی زبوں حالی کا خیال رکھتے ہوئے راشن اور اشیائے ضرورت انکی عزت نفس مجروح کیے بغیر انکی دہلیز تک پہنچا رہی ہے۔









