حسن ابدال، برہان انٹرچینج کے قریب کار کو بچاتے ہوئے بس کھائی میں جاگری

حسن ابدال(نیوز ڈیسک) حسن ابدال میں تیز رفتار بس کھائی میں گرنے سے بچے اور خاتون سمیت 12 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے، حادثہ برہان انٹرچینج کے قریب کار کو بچاتے ہوئے بس کھائی میں گرنے سے پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے مردان جانے والی مسافر بس برہان انٹر چینج کے قریب موٹر وے پر کار کو بچاتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث گہری کھائی میں گرگئی۔اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور بد قسمت بس میں موجود زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ٹی ایچ کیو حسن ابدال پہنچایا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 5 ماہ کے

بچے اور خاتون سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کو شدید زخمی حالت میں راولپنڈی روانہ کردیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق 35 سے زائد زخمی افراد کی حالت بھی نازک ہے۔ جن جاں بحق افراد کی شناخت ہوئی ان میں اشفاق علی ساکن مردان، سلیمان ساکن مردان، وقاص ساکن مردان، کامران ساکن صوابی، محمد رؤف ساکن صوابی، 32 سالہ خاتون حمیدہ ساکن مردان، 5 ماہ کی بچی خدیجہ ساکن صوابی، ہارون ساکن چارسدہ شامل ہیں جب کہ جاں بحق تین افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔خیال رہے کہ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو (1122) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 84 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ریسکیو ون ون ٹوٹو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یکم مارچ 2019 سے لے کر فروری 2020 کے درمیانی عرصے میں 84 ہزار سے زائد ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث ہزاروں شہری متاثر ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہونے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں تقریبا 50 ہزار موٹرسائیکل سوار متاثرہوئے جن میں سے 210 جانبر نہیں ہوسکے اور ملک عدم کو روانہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں