اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ماہ رمضان آتے ہی ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوگیا اور مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 18 اعشاریہ 89 فیصد تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کے آغاز میں ہی مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.54 فیصد اضافہ ہوگیا اور مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 18 اعشاریہ 89 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، ہفتے بھر میں ٹماٹر ، آلو ، چکن ، گھی سمیت 16 اشیاء مہنگی ہوئیں اور لہسن اور دالوں سمیت 11 مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی جب کہ 24 کے نرخ مستحکم رہے۔بتایا گیا ہے کہ ملک میں کیلے 16 روپے مہنگے ہوکر 120 روپے فی درجن ،
آلو 3 روپے مہنگے ہوکر 56 روپے کلو ، ٹماٹر کی قیمت 7روپے بڑھ کر 55 روپے فی کلو رہی ، کراچی میں دہی بھی سب سے مہنگا 200 روپے کلو تک پہنچ گیا ، مختلف شہروں میں دودھ کے دام 130 روپے فی لٹر رہے ، جب کہ زندہ برائلر چکن 242 سے 320 روپے کلو میں فروخت ہوا ، ملک کے مختلف شہروں میں چینی 85 سے 110 روپے کلو میں فروخت ہوئی ، لاہور میں چینی سب سے مہنگی 110 روپے میں جب کہ راولپنڈی میں 105 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، کراچی، کوئٹہ، پشاور میں چینی کا ریٹ 100 روپے فی کلو رہا ، اس کے علاوہ ٹیلی فون کال بھی ساڑھے 15 فیصد مہنگی ہوگئی جس کے چارجز ایک روپے 79 پیسے تک پہنچ گئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے پاکستان مین سستی ہونے والی اشیاء میں لہسن 7 روپے کمی کے ساتھ 177 روپے فی کلو ہوگیا ، جب کہ دال چنا کی قیمت میں 4 روپے کمی ہوکر 148 روپے فی کلو اور دال ماش کی قیمت 4 روپے کم ہوکر 260 روپے کلو ہوچکی ہے ، اس کے علاوہ دال مونگ کی قیمت 5 روپے کم ہوکر 229 روپے کلو اور دال مسور کے نرخ 2 روپے 70 پیسے گر کر 154 روپے فی کلو رہے ، اس دوران ایل پی جی سلینڈر 17 روپے سستا ہو کر 1365 روپے کا ہوگیا۔









